باعزت ، محفوظ ماحول ریڑھی بانوں ، خوانچہ فروشوں کا بنیادی حق ہے: ابراہیم مراد

Jun 03, 2023

لاہور(خبرنگار) نگران وزیر بلدیات ابراہم مراد نے کہا ہے کہ روزی کمانے کیلئے باعزت اور محفوظ ماحول ریہڑی بانوں اور خوانچہ فروشوں کا بنیادی حق ہے۔ ریہڑی بانوں کوقانونی تحفظ دینے کیلئے ان کی رجسٹریشن کی جائے اورانہیں کاروبار کرنے کا لائسنس جاری کرنے کیلئے ضروری قانون سازی کی جائے۔ مخیر حضرات اور فلاحی اداروں کے تعاون سے ریہڑی بانوں کو بلا معاوضہ جدید ڈیزائن کی ریہڑیاں مہیا کرنے کیلئے پائلٹ پراجیکٹ تیار کیا جائے۔ لاہور میں ریہڑیوں کی تعداد کا تعین کرنے کیلئے خصوصی سروے کیا جائے اور ان کیلئے سپیشل زون بنا نے کی خاطر موزوں مقامات کی نشاندہی کی جائے۔ رجسٹریشن اور نمبر پلیٹ لگانے سے ریہڑی بانوں کی عزت افزائی اور ان میں احساس تحفظ پیدا ہوگا۔ مالکان کو مختلف سرکاری اہلکاروں کی بھتہ خوری اور بلیک میلنگ سے نجات ملے گی۔ وزیر اعلیٰ آفس کے سپشل مانٹرزنگ یونٹ کی سربراہ ڈاکٹر نویرا اور حمزہ طارق نے نگران وزیر بلدیات سے ملاقات کی اور انہیں اس سلسلے میں اپنی تجاویز پیش کیں۔ ابراہیم مراد نے ہدایت کی کہ ترقی یافتہ ممالک کی طرح مخصوص علاقوں میں جدید ڈیزائن کی ریہڑیاں لگوانے کیلئے قابل عمل تجاویز پیش کی جائیں۔ ریہڑی بانوں کو بھتے کی بجائے سالانہ معمولی سرکاری فیس ادا کرنے سے سرکاری خزانے کو بھی فائدہ ہو گا۔

مزیدخبریں