لاہور(نیوز رپورٹر،نامہ نگار)پاکستان پیپلز پارٹی لاہور ڈویژن کے صدر چودھری اسلم گل نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو ملک کو درپیش چیلنجوں اور مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے اور ملک کو اس معاشی بھنور سے صرف آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو نکال سکتے ہیں وہ سینٹرل سیکرٹریٹ میں ڈسٹرکٹ ون اور ٹو کے صدور زاہد ذوالفقار اور آصف ناگرہ کی قیادت میں ملنے والے وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔اس موقع پر عمر شریف بخاری،میر شکیل چنی،عمر ایاز،جہانگیر کھوکھر،یونس بھٹی طاہر بھٹی اور اشرف بھی موجود تھے۔ چودھری اسلم گل نے کہا کہ ریاست کو انتشار کا شکار کرنیوالی جماعت آج مکافات عمل کا شکار ہو کر منتشر ہو چکی ہے اور وہ دن دور نہیں جب نیازی کا مرشد بھی اسے داغ مفارقت دے جائیگا۔عمران ایسا لیڈر تھا جس نے لوگوں کے بچوں کو اپنی گندی سیاست کی بھینٹ چڑھایا اور اپنے بچوں کو مغرب میں پروان چڑھایا ،ایسے گیدڑ کو پاکستانی عوام کبھی بھی اپنا لیڈر تسلیم نہیں کرینگے۔