قلعہ دیدارسنگھ(نمائندہ خصوصی)چیئر مین مرکزی روئیت ہلال کمیٹی پاکستان،خطیب بادشاہی مسجد صاحبزادہ سید عبدالخبیر آزاد کا کہنا ہے کہ قرآن کریم عظیم الشان، حیرت انگیز، انقلاب آفریں اور تاریخ ساز کلام ہے جس کی عظمت کی کوئی انتہا نہیں اور جس کے مقام ومرتبہ کا کوئی اندازہ نہیں لگا سکتا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے نجی میرج ہال میں ادارہ جامعتہ الامین کی نئی کلاسز اور قاری وسیم اللہ امین کو صدارتی ایوارڈ ملنے کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں دوران خطاب کیا۔ اس موقع پرڈپٹی سیکرٹری محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب میاں محمد نذیر،قاضی ضیاء المحسن اعوان سمیت تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد و شخصیات نے خصوصی طور پروگرام میں شرکت کی۔مقررین نے دوران خطاب کہا کہ یقیناً مسلمانوں کی شان وشوکت،عظمت ورفعت،فتح وکامیابی،عزت وہیبت،ترقی وسربلندی،قیادت وسیادت قرآن کریم سے وابستگی ہی میں ہے۔ نبی کریم نے اپنی امت کو قرآن سے جوڑا اور اس کی ہدایات پر عمل پیرا ہونے کی تلقین فرمائی۔