ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنا چاہتا ہوں، سب کو ہرانا ہو گا: بابر اعظم

لاہور (سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ بحیثیت کپتان وہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا سیمی فائنل اور فائنل کھیل چکے ہیں اب وہ ٹرافی جیتنا چاہتے ہیں۔ یہ ہم سب کی ٹیم ہے اور اسوقت ہمارا مقصد صرف ایک ہے اور وہ ہے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ جیتنا ، جس کیلئے ہم سب کو ایک ہوکر کھیلنا ہوگا۔بابراعظم جو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ میچز جیتنے والے کپتان بن گئے ہیں نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بارے میں کہا کہ انڈیا پاکستان میچ کی بات ہی کچھ اور ہے جس میں صرف کھلاڑی ہی نہیں بلکہ دنیا  بھر کے شائقین میں زبردست جوش وخروش پایا جاتا ہے،یہ پریشر گیم ہوتا ہے،اگر آپ اس میچ میں خود کو جتنا فوکس اور بنیادی باتوں پرتوجہ رکھیں گے چیزیں آسان رہیں گی لیکن آئی سی سی ایونٹ میں آپ کو صرف اس ایک میچ پر توجہ نہیں دینی ہوتی ہے بلکہ اس میں دوسری ٹیمیں بھی ہوتی ہیں اور اگر آپ کو چیمپئن بننا ہے تو تمام ٹیموں کو ہرانا پڑتا ہے۔ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا شیڈول اچھا ہے، امریکہ میں چونکہ پہلی بار یہ ایونٹ ہورہا ہے اس لیے وہاں ڈراپ ان پچز ہونگی۔ مختلف گراؤنڈز ہونگے،مختلف ماحول ہوگا،ایک نیا تجربہ ہوگا،نیا چیلنج ہوگا۔ کنڈیشنز کا زیادہ پتہ نہیں لیکن ہم ایونٹ سے پہلے معلومات حاصل کرکے خود کو مقابلے کیلئے تیار کرلیں گے۔ یہ بحیثیت کپتان ان کا تیسرا ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ ہے۔ ان کی کپتانی میں پاکستان ٹیم نے سیمی فائنل اور فائنل کھیل لیا ہے اب وہ ٹرافی جیت کر وطن واپس آنا چاہتے ہیں لیکن اس کیلئے ہمیں ہر ٹیم کیخلاف بہترین کرکٹ کھیلنی ہوگی۔بدقسمتی سے پچھلے دو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں فنشنگ نہ ہونے کی وجہ سے ہم فاتح نہ بن سکے۔ اس بار وہ غلطیاں دوہرانا نہیں چاہتے۔ٹیم کی ضرورت کے مطابق کھیلتے ہیں۔ جب سے وہ کپتان بنے ہیں انہوں نے اپنے ذاتی اہداف پیچھے رکھ دیے ہیں۔وہ ٹیم کیلئے کھیلتے ہیں کیونکہ ان کے نزدیک ٹیم پہلے ہے باقی چیزیں بعد میں ہیں۔

ای پیپر دی نیشن