عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے متوازن بجٹ پیش کیا جائیگا:رانا تنویر  

Jun 03, 2024

 فیروزوالہ( نامہ نگار)وفاقی وزیرصنعت و پیداوار ونیشنل فوڈ سکیورٹی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے متوازن بجٹ پیش کیا جارہا ہے۔ وفاقی حکومت صنعت وزراعت سے وابستہ افراد کو بھرپور ریلیف فراہم کررہی ہے تاکہ ملک کو خود کفیل کرکے اپنے پاؤں پر کھڑا کیا جاسکے۔ ملکی معیشت کا سب سے زیادہ دارو مدار زراعت اور لائیو سٹاک پر ہے جس کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ فوڈ سکیورٹی ہمارا کلیدی ہدف ہے تاکہ ہر شہری کو اشیاء خوردونوش کے حصول میں آسانیاں میسر آسکیں۔ حکومت حقیقی معنوں میں عوامی خدمت کیلئے کوشاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف مقامات پر مسلم لیگ(ن )کے وفود سے ملاقات کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوںنے کہا کہ معاشی ترقی کے اہداف حاصل کرنے کیلئے صنعت و زراعت کو فروغ دیا جارہا ہے ۔مقامی صنعتوں کو لاحق مشکلات کا تدارک کرکے انہیں فعال کرنے سمیت نئی صنعتوں کے قیام کیلئے وسیع مواقع فراہم کئے گئے ہیں۔ بین الاقوامی سرمایہ کاری کیلئے بھی وفاقی حکومت کے اٹھائے گئے اقدامات کے ثمرات واضح طور پر سامنے آرہے ہیں۔ دوست ممالک کی طرف سے پاکستان میں سرمایہ کاری کی جارہی ہے۔ 

مزیدخبریں