لاہور (خصوصی نامہ نگار) وفاقی شرعی عدالت کے جج جسٹس محمد انور شاہ نے جامعہ نعیمیہ کے دورہ کیا جہاں پر ادارے کے سربراہ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے ان کا استقبال کیا۔ جسٹس محمد انور شاہ نے مرکزی لائبریری، کلاس روم، شعبہ کمپیوٹر سائنس کا معائنہ کیا اور مفتی محمد حسین نعیمی، شہید پاکستان ڈاکٹر سرفراز نعیمی شہید کے مزار فاتحہ خوانی کیا اور علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کے اسلامی نظریاتی کونسل کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وفاقی شرعی عدالت جج جسٹس محمد انور شاہ نے خصوصی ’’فقہی مذاکرے‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دینی مدارس کے طلبہ خود کو جدید عصری علوم سے آر استہ کریں۔ آئی ٹی سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور خود کو علمی اور مالی لحاظ سے مضبوط بنائیں۔ موجودہ دور سائنس وٹیکنالوجی کا ہے اس لئے دینی مدارس کے طلباء دورحاضر کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے دینی علوم کے ساتھ ساتھ عصری علوم میں بھی مہارت پیدا کریں۔ ڈاکٹر راغب نعیمی نے کہاکہ فارغ التحصیل علماء، مفتیان کرام پاکستان سمیت یورپ، افریقہ ایشیاء کے مختلف ممالک میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔