گرلز ہاسٹل جوہر ٹاؤن کے  واش رومز میں کیمرے کا انکشاف‘ 7     ملزموں کے خلاف مقدمہ

لاہور (نامہ نگار) جوہر ٹاؤن میں خواتین کے ہاسٹل کے واش رومز میں کیمرہ لگائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ پولیس نے ایک طالبہ کے چچا کی درخواست پر 7 ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ خفیہ کیمرہ نجی ہاسٹل کے واش روم میں انتظامیہ کی جانب سے لگایا گیا تھا اور رہائش پذیر لڑکیوں کی نہانے کی ویڈیوز بنائی جا رہی تھی۔ ہاسٹل میں پنجاب کے مختلف شہروں کی 40 سے زائد طالبات رہائش پذیر تھیں۔ ہاسٹل بی او آر سوسائٹی کے میاں سلیم اور اس کی اہلیہ فوزیہ چلا رہے تھے۔ مقدمے میں مالکان میاں سلیم، اس کی اہلیہ فوزیہ سلیم، وہاڑی کے صغیر، شیخوپورہ کے شہزاد، جھنگ کے محمد زبیر، پاک پتن کے  عرفان اور رحیم یار خان کے  علی حسن کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق تمام ملزم 15 کال ہوتے ہی موقع سے فرار ہوگئے۔ مقدمہ ضلع گجرات کے رہائشی ناصر محمود کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ پولیس نے ہاسٹل کو خالی کرا لیا ہے۔ طالبات نے اپنے بیانات میں واش رومز میں کیمرہ لگنے کی تصدیق کر دی ہے۔

ای پیپر دی نیشن