لاہور‘ گوجرانوالہ (نامہ نگار + نمائندہ خصوصی) نواب ٹاؤن کے علاقے میں پولیس مقابلے کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے دو کانسٹیبل شدید زخمی ہو گئے ہیں جبکہ ڈاکو فرار ہونے میں کامیا ب ہو گئے۔ تھانہ نواب ٹاؤن کے محافظ اہلکار بھوبتیاں کے قریب معمول کے مطابق چیکنگ کر رہے تھے۔ مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی تو ملزموں نے پولیس پارٹی پر سیدھی فائرنگ کر دی۔ جس کے نتیجے میں دو کانسٹیبل امتیاز اور علی حمزہ شدید زخمی ہو گئے۔ زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور فرار ملزموں کی تلاش جاری ہے۔ گوجرانوالہ میں گزشتہ روز تھانہ جناح روڈ پر واقع ٹافیوں کے گودام میں ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکو نے فائرنگ کر دی تھی جس کے نتیجے میں تاجر وسیم بٹ اور مائیکل نامی ڈاکو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے تھے جبکہ تاجر کا ملازم اشفاق شدید زخمی ہو گیا تھا، پولیس نے فائرنگ کرنے والے ڈاکو کو حراست میں لے لیا تھا، پولیس حراستی ڈاکو بلال کا تھانہ جناح روڈ پولیس ہسپتال سے میڈیکل کروا کر واپس آرہی تھی کہ راستے میں موٹر سائیکلوں پر سوار چار اس کے حملہ آور ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ اہلکاروں نے زمین پر لیٹ کر جانیں بچائیں۔ اس دوران حملہ آور بلال کو ساتھ لیکر فرار ہو گئے۔ پانڈو پور کے قریب پولیس اور ملزموں کا آمنا سامنا ہو گیا، فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ پولیس نے آگے بڑھ کر دیکھا تو ڈاکو بلال اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا تھا اور اس کے ساتھی فرار ہو گئے تھے۔ پولیس نے اس کی نعش کو ضروری کارروائی کیلئے ہسپتال منتقل کیا اور فرار ہو جانے والے ملزموں کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دیدی ہیں۔ دوسرا مبینہ پولیس مقابلہ تھانہ اروپ کے علاقہ اسحاق کوٹ میں ہوا جہاں پر پولیس نے ڈکیتی کے مقدمہ میں انتہائی مطلوب ڈاکو ابوبکر عرف بکرا کی گرفتاری کیلئے اس کے گھر کا گھیرائو کیا تو ملزم نے اپنے ساتھی کے ہمراہ پولیس پارٹی پر سیدھی فائرنگ کر دی۔ اسی دوران ابوبکر اپنے ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا۔ پولیس نے ملزم کو حراست میں لے لیا مگر اس کا ساتھی فرار ہو جانے میں کامیاب ہوگیا۔
3 پولیس مقابلے: نواب ٹاؤن میں 2 کانسٹیبل زخمی‘ گوجرانوالہ میں 2 ڈاکو مارے گئے
Jun 03, 2024