علما وفد کی گورنر سے ملاقات‘  ملکی ترقی کیلئے پی پی کا ساتھ دینگے‘ زبیر احمد ظہیر

Jun 03, 2024

لاہور(نوائے وقت رپورٹ) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ اور مرکزی جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر کی قیادت میں علما  کے وفد نے گزشتہ روز گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہاوس پنجاب میں ملاقات کی۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے ایڈیشنل سیکریٹری جنرل اور چیئرمین بلاول بھٹو کے خصوصی ترجمان علی جہانگیر بدر بھی موجود تھے۔ وفد میں پروفیسر فیاض احمد سلفی ، مولانا شعیب احمد قاسمی، میاں محمد اصغر، مولانا عبدالستار نیازی، مولانا ضیا  الرحمن فاروقی، حافظ محمد شاہد فیصل آبادی اور میاں احسان الٰہی شامل تھے۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے سردار سلیم حیدر خان کو گورنر پنجاب بننے پر   مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا آپ کے گورنر بننے پر جہاں پیپلز پارٹی کے تمام کارکن اور رہنما خوش ہیں وہاں پورے پنجاب کے عوام بھی دلی خوشی محسوس کرتے ہیں کیونکہ پیپلز پارٹی محبِ وطن اور حقیقی معنوں میں عوامی پارٹی ہے اور پیپلز پارٹی نے ملک ‘غریب عوام ، نظریہ پاکستان اور  تحفظ ختمِ نبوت کے لئے تاریخی اور بے مثال خدمات سر انجام دی ہیں جن کو عوام کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا  ملک کو تمام مشکلات اور بحرانوں سے نکالنے اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے ہم ہر سطح پر پیپلز پارٹی کا بھرپور ساتھ دیں گے۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے علامہ زبیر احمد ظہیر اور ان کی جماعت کی سیاسی، مذہبی اور قومی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا  ہم آپ کی ملی، ملکی، اتحاد بین المسلمین، اتحاد بین المذاھب، استحکامِ پاکستان اور ملکی سلامتی کے لئے خدمات کی دل و جان سے قدر کرتے ہیں۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے علامہ زبیر احمد ظہیر سے کہا  خصوصی طور پر دعا کرائیں اللّٰہ تعالیٰ وطنِ عزیز پاکستان اور قوم کو تمام مشکلات اور بحرانوں سے نجات عطا فرمائے اور پاکستان کو تمام قسم کے اندرونی اور بیرونی خطرات سے ہمیشہ محفوظ و مامون رکھے۔جس پر علامہ زبیر احمد ظہیر اور علما  نے شہیدِ پاکستان ، شہیدِ ختمِ نبوت، قائدِ عوام  ذوالفقار علی بھٹو ، بے نظیر بھٹو کی مغفرت اور ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام اور ملکی سلامتی اور دفاع کے لئے اپنی جانیں قربان کرنے کے لئے خصوصی دعا کرائی۔

مزیدخبریں