نئی دہلی ( نوائے وقت رپورٹ) بھارتی پارلیمان کے ایوانِ زیریں (لوک سبھا) کے انتخابات میں ووٹنگ کا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے، ایگزٹ پول میں حکمران جماعت بی جے پی کی جیت کی پیش گوئی کردی گئی ہے۔ ایگزٹ پولز کے مطابق بی جے پی کا اتحاد نیشنل ڈیموکریٹک الائنس 543 رکنی ایوان زیریں میں 350 سے زیادہ نشستیں جیت سکتا ہے جبکہ اپوزیشن اتحاد ’انڈیا‘ کو 120 سے زائد سیٹیں ملنے کا امکان ہے۔حکمران اتحاد کی جیت کی صورت میں 73 سالہ نریندر مودی، جواہر لعل نہرو کے بعد مسلسل تین بار وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے والے دوسرے وزیر اعظم بن جائیں گے۔بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے لوک سبھا چناؤ میں بھاری اکثریت سے کامیابی کے دعوے بھی کردیے ہیں مگر اپوزیشن جماعت انڈین نیشنل کانگریس نے مودی کی جیت دکھانے والے ایگزٹ پول کو مسترد کر دیا ہے۔کانگریس رہنما راہول گاندھی نے کہا ہے کہ یہ ایگزٹ پول نہیں، مودی میڈیا پول ہیں، اپوزیشن اتحاد ’انڈیا‘ انتخابات میں 295 سیٹیں جیتے گا،بھارت کی عام آدمی پارٹی نے بھی مودی کی کامیابی پر مبنی ایگزٹ پولز کے نتائج مسترد کردیے ہیں۔عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال نے کہا ہے کہ مودی میڈیا جو ایگزٹ پول نتائج دے رہا ہے وہ سب فرضی ہیں، بھارتی انتخابات کے حتمی نتائج کا اعلان بھارت کا الیکشن کمیشن 4 جون کو کرے گا۔