یورپی کمشن نے پی آئی اے پروازوں پر عائد پابندی اٹھانے سے انکار کر دیا

Jun 03, 2024

لاہور‘ برسلز (نیوز رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) یورپی کمیشن نے یورپ میں پی آئی اے کی پروازوں پر عائد پابندی اٹھانے سے انکار کر دیا۔ پی آئی اے کی پروازوں پر عائد پابندی اٹھنے کا معاملہ ایک بار پھر مؤخر ہو گیا ہے۔ یورپ میں قومی ایئر لائن پی آئی اے کی پروازوں پر 4 سال سے پابندی عائد ہے۔ ذرائع کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے اقدامات نہ کرنے پر پابندی میں توسیع ہوئی۔ ای یو کمشن کے 31 مئی کے اجلاس میں سی اے اے کو قابل افسران لگانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ریگولیٹری ڈپارٹمنٹ کا رویہ غیر سنجیدہ ہے۔ یورپی ملکوں میں پروازیں بحال نہ ہونے سے پی آئی اے کی نج کاری پر بھی منفی اثرات پڑ سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (ایاسا) نے پی آئی اے اور دیگر پاکستانی ائرلائنز پر عائد پابندیاں اٹھانے کا معاملہ تھرڈ کنٹری آپریٹر بورڈ کو بھجوا دیا ہے جس کا اجلاس آئندہ ہفتے ہو گا۔ اب تھرڈ کنٹری آپریٹر بورڈ کے اجلاس میں پاکستانی ائر لائنز پر پابندی اٹھانے یا نہ اٹھانے کا حتمی فیصلہ ہو گا۔ تھرڈ کنٹری آپریٹر بورڈ کے اجلاس میں سی اے اے کے سیکرٹری اور ڈپٹی ڈی جی ریگولیٹری آن لائن شرکت کریں گے۔ 

مزیدخبریں