لاہور(سپورٹس رپورٹر)آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں میزبان امریکا نے کینیڈا کو 7 وکٹ سے شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا۔دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاپوا نیو گنی کو 5 وکٹ سے شکست دیدی۔، کینیڈا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 194 رنز بنائے ‘ میزبان ٹیم نے ہدف 17.4 اوورز میں 3 وکٹوںپر حاصل کرلیا۔ امریکی شہر ڈیلاس میں آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ کے پہلے میچ میںامریکی ٹیم کے کپتان مونانک پٹیل نے ٹاس جیت کر پہلے کینیڈا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ ارون جانسن اور نونیت دھالیوال نے 43 رنز کا آغاز فراہم کیا، دونوں بالترتیب 23 اور 61 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔پرگت سنگھ 5، شریئس مووا 32، دلپریت باجوہ 11 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، نکولس کرٹن نے 51 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ علی خان، ہرمیت سنگھ اور کورے اینڈرسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔میزبان ٹیم کی جانب سے سٹیون ٹیلر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے اور کپتان مونانک پٹیل 16 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹے، اینڈریو گوس اور ارون جونز نے 131 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔اینڈیو گوس نے 65 رنز بنائے، ارون جونز نے 40 گیندوں پر 96 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی جس میں 10 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے، جونز شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔کلیم ثنا اور نکھل دتا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔دوسرا میچ امریکی ریاست روڈ آئی لینڈ کے شہر پروویڈنس میں گروپ سی کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا۔ میزبان ویسٹ انڈیز نے پاپوا نیو گنی کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔پاپوا نیو گنی نے 8 وکٹوں پر 136 رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز نے ہدف 5 وکٹوں پر 19 اوور میں حاصل کرلیا۔ برینڈن کنگ نے 34 اور نیکولس پوران نے 27 رنز بنائے، روسٹن چیس 42 رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ امریکی بیٹر ایرون جونز نے اننگز میں 10چھکے لگانیوالے دنیا کے تیسرے بیٹر بن گئے۔ امریکی بیٹر فہرست میںویسٹ انڈین لیجنڈ کرس گیل سے پیچھے ہیں، جو انفرادی طور پر 11 اور 10 چھکوں کیساتھ سہر فہرست ہیں۔جنوبی افریقہ کے ریلی روسو 8 چھکوں کیساتھ چوتھے جبکہ بھارت کے یوراج سنگھ 7 چھکوں کیساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔