لاہور + اوکاڑہ (نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدرخان نے کہا کہ تحریک انصاف کو کوئی دیوارسے نہیں لگا رہا خود لگ رہے ہیں۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدرخان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم مسلم لیگ (ن) لیگ کے اتحادی ہیں، مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کے مذاکرات جاری ہیں، ابھی تک پیپلزپارٹی کا حکومت میں شمولیت کا فیصلہ نہیں ہوا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ زرعی ملک ہونے کے باوجود گندم امپورٹ کرنا پڑتی ہے، زراعت کے حوالے سے پالیسیوں کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے، ہم پہلے دن سے کہہ رہے ہیں بات چیت سے ہی مسائل حل ہوں گے۔سردار سلیم حیدرخان نے کہا کہ تحریک چلانے سے ملک اور عوام کا ہی نقصان ہوگا، سی ای سی فیصلہ کرے گی کابینہ میں شامل ہونا ہے یا نہیں، آج کے دن تک سی ای سی نے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ دوسری طرف گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان مشکل وقت سے گزر رہا ہے،حکومت اور سیاسی جماعتیں اس سے نمٹنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔وہ لاہور میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما حاجی عزیز الرحمان چن کے گھر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کیساتھ اور وویمن ونگ پنجاب کی صدر ثمینہ خالد گھرکی کے ظہرانے اور سینئر پارٹی رہنما حافظ غلام محی الدین کے عشائیے میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ موجودہ حالات میں حکومت اور سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی اداروں میں تصادم نہیں ہونا چاہیے اور سب کو اپنے اپنے پیرامیٹرز کے اندر رہ کر کام کرنا چاہیے۔ کہا کہ مئی 09 کے واقعات میں ملوث افراد کو کٹہرے میں لایا جائے،ایک سوال کے جواب میں گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی وفاق اور پنجاب حکومت میں شمولیت پر بات چیت کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے اور اس حوالے سے فیصلہ پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کرے گی۔گورنر خیبر پی کے فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اپنی متنازع ٹوئٹ سے انکار کریں یا پھر اپنی نا اہلی تسلیم کریں۔ گورنرخیبرپی کے فیصل کریم کنڈی نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کے ہمراہ لاہور میں رہنما پیپلز پارٹی عزیز الرحمان چن کی رہائشگاہ پر ان سے ملاقات کی۔ان کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور کے ساتھ محبت ان شا اللہ چلتی رہے گی، انہیں کھانیکی دعوت دی ہے لیکن شاید وہ کچھ ہچکچا رہے ہیں۔گورنر کے پی فیصل کنڈی کا کہنا تھا کل تک بانی پی ٹی آئی کی ٹوئٹ ان کے اکاؤنٹ پر موجود تھی ۔ایک سوال کے جواب میں فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ آپ سوشل میڈیا کے خیبرپی کے کو دیکھ کر چیزوں کا اندازہ مت لگائیں، میرے ساتھ آئیں میں آپ کو گورنر ہاؤس سے خیبرپی کے دکھاتا ہوں۔