ملتان(نوائے وقت رپورٹ) سربراہ جمعیت علما اسلام مولانا فضل الرحمان سے سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے ملاقات کی۔ مولانا فضل الرحمان کی خواہش پر جاوید ہاشمی نے ان کے گھر جاکر ملاقات کی، ملاقات میں سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں جمعیت علما اسلام کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ دوران ملاقات مولانا فضل الرحمان نے جاوید ہاشمی کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ بات چیت پر اعتماد میں لیا۔ ایک گھنٹے طویل گفتگو کے دوران سینئر سیاستدان نے جے یو آئی سربراہ کے مؤقف کی تائید کی۔ترجمان جاوید ہاشمی کے مطابق فضل الرحمان نے ملاقات میں سینئر سیاستدان سے پی ٹی آئی کے ساتھ مل کر تحریک چلانے سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔ترجمان کے مطابق جاوید ہاشمی نے ممکنہ تحریک کے حوالے سے مولانا فضل الرحمان کو اپنی حمایت کا یقین دلایا۔واضح رہے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مختلف سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔