اسلام آباد (اپنے سٹا ف رپورٹر سے) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کو ایران کے قائم مقام وزیر خارجہ علی باقری نے اتوار کو ٹیلی فون کیا۔ جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور غزہ کی سنگین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اتوار کو دفتر خارجہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں فریقین نے غزہ کی صورتحال اور وہاں پر اسرائیلی مظالم پر تبادلہ خیال کیا۔ نائب وزیراعظم نے غزہ میں نسل کشی کے خاتمے اور فلسطینی عوام کو انسانی بنیادوں پر ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام اقدامات کے لیے پاکستان کی جانب سے مکمل تعاون کا اعادہ کیا۔