پٹرول، بجلی،گیس کی قیمتوں میں 50فیصد کمی کی جائے، خرم نواز گنڈاپور 

Jun 03, 2024

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ پٹرول، بجلی،گیس کی قیمتوں میں 50فیصد کمی کی جائے۔ پٹرول کی قیمتوں میں حالیہ کمی مذاق اور اونٹ کے منہ میں زیرہ  کے برابرہے۔اسلام آباد میڈیا سیل کے مطابق خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ پٹرول کی قیمتیں کم کر کے بجلی کی قیمتیں بڑھا کر عملا اس ریلیف کو غیر موثر بنا دیا گیا۔ پٹرول کی قیمتوں میں جتنی کمی عالمی سطح پر ہوئی عوام کو بھی اتنا ہی ریلیف دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے۔ اسمبلیوں کے اندر بے رحم لوگ بیٹھے ہوئے ہیں جو جانتے ہیں کہ عام آدمی فاقوں اور خودکشیوں پر مجبور ہے مگر یہ لوگ غریب کے حق میں نہیں بولتے۔ بجلی کے موجودہ بلوں کے ساتھ انسانی زندگی کا برقرار رہنا پاکستان میں ناممکن ہو چکا ہے۔ بجلی کا بل دینے کے بعد کسی غریب اور مزدور کے پاس کھانے، پینے کے لئے کچھ نہیں بچتا۔ غریب آدمی کے لئے ہسپتالوں میں علاج ہے نہ سکولوں میں تعلیم۔ پاکستان کی ایسی بری حالت پہلے کبھی نہیں دیکھی تھی جو آج دیکھ رہے ہیں۔ آئی ایم ایف والے بجلی، گیس اور کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں میں اضافے کا حکم دیتے ہیں تو فوری مان لیا جاتا ہے مگر وہ اراکین اسمبلی اور بیوروکریٹس کی اثاثوں کی فہرست مانگیں اور انہیں مشتہر کرنے کی بات کریں تو یہ سارے ڈٹ جاتے ہیں۔ 

مزیدخبریں