اسلام آباد (خبرنگار)شیعہ علما کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے انقلاب اسلامی ایران کے بانی اور عظیم رہبر و رہنما حضرت امام خمینی کی 35ویں برسی کی مناسبت سے انہیں شاندار انداز میں خراج عقیدت وسلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ امام خمینی دور اندیش، بابصیرت اور حکیمانہ شخصیت کے مالک تھے، آپ ایمان و عمل صالح کی مصداق آفاقی شخصیت تھے، امام خمینی ایک زندہ و جاوید حقیقت اور عظیم فقیہ و مرجع تھے، آپ نے اپنے دور کے ظالم اور باطل حکمرانوں کو للکارا اور ان کے قائم کئے گئے باطل نظاموں کو چیلنج کیا، امام خمینی نے ہمیشہ ہر مظلوم کی حمایت اور ہر جابر کے خلاف قیام کیا، امام خمینی کی فکر ونظر آزادی کی عالمی تحریکوں کے لیے تقویت و جلا کا باعث بنی، فلسطین و کشمیر سمیت دنیا بھر کے مظلومین کے حامی تھے، آزادی فلسطین کے لیے آپ کے عملی کردار کو تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا بالخصوص عالمی یوم القدس کا اعلان کر کے آپ نے فلسطینی ایشو کو حیات نو بخشتی اور صہیونی ریاست کے ناجائز وجود کے خلاف واضح لائن کھینچ دی، اسرائیل سمیت دنیا بھر کے غاصبوں کے خلاف ان کا موقف ہمیشہ شدید اور اٹل تھا۔انہوں نے کہا کہ وہ عالم اسلام کے دشمن امریکہ، اسرائیل اور ان کے حواریوں کی شرانگیزیوں کے خلاف آخری دم تک ڈٹے رہے۔