اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)کمپٹیشن ایپلٹ ٹربیونل نے آپشنزانٹرنیشنل کی طرف سے دائر کی گئی اپیل کو مسترد کر تے ہوئے اْس پر عائد جرمانے کی رقم کو 50لاکھ سے بڑھاتے ہوئے 60لاکھ روپے کر دیا ہے۔آپشنز انٹرنیشنل ایک پاکستانی کمپنی ہے جس پرکمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے بین الاقوامی کافی چین سٹاربکس کی برانڈنگ اپنے ریستوران میں دھوکہ دہی سے استعمال کرنے جرمانہ عائد کیا تھا۔سٹیٹ آف واشنگٹن میں رجسٹرڈ کافی ہاؤسز کی عالمی سطح پر تسلیم شدہ چین سٹاربکس نے سی سی پی کو باقاعدہ شکایت درج کرائی کہ لاہور میں قائم ریستوران آپشنز انٹرنیشنل اپنی برانڈنگ میں دھوکہ دہی سے ''اسٹاربکس مارکس'' کا استعمال کرتے ہوئے ''اسٹاربکس کافی'' فروخت کر رہا ہے اور اس طرح نہ صرف صارفین کو دھوکہ دے رہا ہے بلکہ اس کے کاروباری مفادات کو نقصان بھی پہنچا رہا ہے۔