اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے)وفاقی ٹریفک پولیس نے غیر قانونی اور ڈبل پارکنگ کے خلاف گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے رواں سال کے دوران 42ہزارسے زائد گاڑیوں کے چالان کردئیے ،خصوصی مہم کیلئے پولیس افسران پر مشتمل اضافی نفری کے ساتھ خصوصی دستے بھی تشکیل دیئے گئے ہیں جو مختلف اوقات میں بڑی شاہراہوں اور مراکز میں گرینڈ آپریشنزعمل میں لا رہے ہیں،جن مقامات پر کارروائیاں عمل میں لائی گئیں ان میں بڑی شاہراہوں کے ساتھ بڑے تجارتی مراکز، مارکیٹس خصوصا جی الیون مرکز،ایف الیون مرکز،ایف ٹین مرکز،جی نائن مرکز،جی ایٹ مرکز، آئی ایٹ مرکز، بلیوایریا،جناح سپر مارکیٹ،آبپارہ اور بارہ کہومارکیٹ شامل ہیں،رواں سال گرینڈ آپریشنز کے دوران غیر قانونی اور ڈبل پارکنگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اسلام آباد پولیس نے42ہزارسے زائد گاڑیوں کے کیخلاف کارروائیاں عمل میں لائیں اور متعدد گاڑیوں کو مزید قانونی کارروائی کے لئے مختلف تھانہ جات میں منتقل کیا گیا،آپریشن کے دوران کار شو رومز کے باہر کھڑی کی گئی گاڑیوں کو فوک لفٹرزکی مدد سے مقرر کردہ پارکنگ ایریا میں منتقل کیا گیا اور شورومزمالکان کو تنبیہ کی گئی کہ وہ فٹ پاتھ اور روڈ پر گاڑیاں کھڑی کرنے سے گریز کریں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیں گی، ایس ایس پی ٹریفک محمد سرفراز ورک نے کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کی جان و مال کو محفوظ بنانے اور حادثات کی روک تھام کے لئے بلا امتیاز کارروائیاں عمل میں لا رہی ہے تاکہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بنایا جائے اور اسلام آباد کو حادثات سے محفوظ شہر بنایا جا سکے۔
وفاقی ٹریفک پولیس کا غیر قانونی اور ڈبل پارکنگ کیخلاف گرینڈ آپریشن
Jun 03, 2024