اسلام آباد ہائیکورٹ نے کشمیری شاعر احمد فرہاد کی بازیابی اور عدالت پیشی کے کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔تفصیلات کے مطابق جسٹس محسن اختر کیانی نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کیا ہے۔حکم نامے میں بتایا گیا ہے کہ درخواست گزار کے وکیل کی جانب سے بتایا گیا احمد فرہاد اب تک گھر نہیں پہنچے، وکیل کے مطابق احمد فرہاد تھانہ صدر مظفرآباد میں درج مقدمے میں جسمانی ریمانڈ پر ہیں، احمد فرہاد کے اہل خانہ کی ان سے ملاقات کروائی گئی ہے۔عدالت حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ وکیل نے بتایا طبی وجوہات کی بنا پر احمد فرہاد کی صحت ٹھیک نہیں ہے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل، پراسیکیوٹر جنرل کے مطابق احمد فرہاد 2 جون تک جسمانی ریمانڈ پر ہیں، احمد فرہاد کے جسمانی ریمانڈ پر ہونے کے باعث درخواست غیر موثر ہوچکی ہے۔حکم نامے میں بتایا گیا ہے کہ درخواست میں احمد فرہاد کو اغوا کرنے والوں کی تشخیص اور ان کے خلاف کارروائی کی استدعا بھی کی گئی تھی، لاء افسر کے مطابق احمد فرہاد کی بازیابی کے بعد یہ استدعا اب موثر نہیں رہی، تاہم احمد فرہاد کے اسلام آباد ہائی کورٹ پیش ہونے تک عدالت لاء افسر کے اس مؤقف سے اتفاق نہیں کرتی، درخواست گزار وکیل کے مطابق احمد فرہاد کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست دائر کردی گئی ہے۔عدالتی حکم نامے کے مطابق وکیل نے بتایا کچھ روز میں احمد فرہاد کے ضمانت پر رہا ہونے کے امکانات ہیں، ان تمام محرکات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیس کی سماعت 7 جون 2024 تک ملتوی کی جاتی ہے۔