صدر آصف علی زرداری اوروزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے سری لنکن ٹیم پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے فوری انکوائری کا حکم دیدیا، میاں نوازشریف اورمیاں شہباز شریف نے بھی واقعے کو افسوسناک قرار دیا ہے۔

اپنے الگ الگ بیانات میں صدرمملکت اور وزیراعظم نے کہا ہے یہ واقعہ دہشتگردوں کے مذموم مقاصد کی نشاندہی کرتاہے لیکن حکومت اور عوام انہیں ان کے مقاصد میں کا میاب نہیں ہونے دیں گے۔ صدر اور وزیر اعظم نے اس واقعہ کی فوری تحقیقات کا حکم بھی دیا ہے۔ مشیر داخلہ رحمان ملک نے اس واقعہ کی تحقیقات کے لئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم مقررکی ہے۔ رحمان ملک نے آئی جی پنجاب کو ہدایت کی ہے کہ وہ چوبیس گھنٹوں میں تحقیقات کرکے رپورٹ حکومت کو پیش کریں۔ دوسری جانب مسلم لیگ نون کے قائد میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف نے سری لنکن ٹیم پر فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔ لیگی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ سری لنکن ٹیم پر حملہ کرنے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں اور اس واقعے سے ملک کے وقار کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ امیرجماعت اسلامی قاضی حسین احمد، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے بھی اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

ای پیپر دی نیشن