ایم کیوایم اورپیپلزپارٹی کے درمیان پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو پچاس فیصد واپس لینے پراتفاق ہوگیا ۔

Mar 03, 2011 | 09:45

سفیر یاؤ جنگ
گورنر ہاؤس کراچی میں ہونے والے اجلاس میں گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد کے علاوہ وفاقی وزیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ اور وفاقی وزیر داخلہ رحمٰن ملک سمیت ایم کیو ایم کے چھ رکنی وفد نے شرکت کی۔ وفد میں ڈاکٹر فاروق ستار، بابر غوری، حیدر عباس رضوی اور دیگرشامل تھے۔اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے میں 50 فیصد کمی کردی گئی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کا نوٹیفکیشن صدر کی منظوری کے بعد آج جاری کردیا جائیگا۔ عبدالفحفیظ شیخ نے مزید کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کے اضافے کے باعث کیا گیا تھا۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں چھبیس فیصد اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان میں نومبرسے تیل کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہوا تھا جس کی وجہ سے حکومت خسارہ اپنے خزانے سے ادا کررہی تھی تاہم اب حالیہ اضافے میں پچاس فیصد کمی کے بعد بھی حکومت اضافی بوجھ اپنے ذمے لے گی۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر فاروق ستار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدر آصف زرداری نے قائد تحریک الطاف حسین کی اپیل پرتیل کی قیمتوں میں کمی پرغور کیا،فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم ملک میں معیشت کی بحالی کو مستقل بنیادوں پردیکھنا چاہتی ہے۔ بریفنگ کے دوران وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے ٹرانسپورٹرز سے اپیل کی کہ وہ تیل کی قیمتوں کے اضافے میں کمی کے بعد ہڑتال کی کال واپس لیں۔
مزیدخبریں