پرویز مشرف قومی مجرم اور واجب القتل ہیں: طلال اکبر بگٹی


لاہور(آئی این پی) جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نوابزادہ طلال اکبر بگٹی نے کہا ہے پرویز مشرف قومی مجرم ہیں، وطن واپسی پر انہیں اکبر بگٹی کے قتل کیس میں گرفتار کیا جانا چاہئے، میں آج بھی سمجھتا ہوں مشرف نے لال مسجد اور جامعہ حفضہ پر حملے سمیت جو کچھ کیا وہ واجب القتل ہیں‘ اپوزیشن جماعتوں نے گرینڈ الائنس نہ بنایا تو پیپلز پارٹی اور ان کے اتحادیوں کو فائدہ ہو سکتا ہے‘ ملک بچانے کیلئے آئندہ انتخابات میں کرپٹ حکمرانوں کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کرنا ہو گا‘ نگران حکومت کیلئے چھوٹی بڑی تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت ہونی چاہئے‘ بلوچستان میں انٹیلی جنس اداروں اور افواج کی مداخلت رہی تو ہم آئندہ انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے۔ ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے بگٹی نے کہا پیپلز پارٹی نے مشرف کے دور سے بھی ملک کا زیادہ برا حال کر دیا ہے۔
اور اب ضرورت اس بات کی ہے کہ آئندہ انتخابات میں پاکستانی عوام ان سے ظلم اور زیادتیوں کا حساب لے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اپوزیشن کا گرینڈ الائنس ناگزیر ہو چکا ہے۔
طلال بگٹی

ای پیپر دی نیشن