اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت نیوز) جوڈیشل کمشن نے پشاور ہائی کورٹ میں 7 ایڈیشنل ججوں کے تقرر جبکہ لاہور ہائی کورٹ کے 6 ایڈیشنل ججوں کی مدت میں6 ماہ کی توسیع کی سفارش کر دی۔ ہفتہ کوجوڈیشل کمشن کا اجلاس چیف جسٹس افتخارمحمد چودھری کی سربراہی میں سپریم کورٹ میں ہوا ۔جوڈیشل کمشن نے پشاور ہائی کورٹ کےلئے سات ایڈیشنل ججوں کے ناموں کی سفارش کی جن میں سعید اختر شاہ، ملک منظور حسین، اکرام اللہ خان ،عبدالطیف خان، محمد سعود خان، لال جان خٹک اور مسرت ہلالی شامل ہیں۔ حیات علی کی بطور ایڈیشنل جج تعیناتی پر اتفاق رائے نہ ہوسکا۔ کمشن نے لاہور ہائی کورٹ کے 6 ایڈیشنل ججوں کی مدت میں6 ماہ کی توسیع کی بھی سفارش کی۔ ایڈیشنل ججوں جسٹس عائشہ ملک، جسٹس عبدالسمیع خان، جسٹس عبادالرحمان لودھی، جسٹس شجاعت علی خان، جسٹس شاہد حمید اورجسٹس سید علی باقرشامل ہیں۔ جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں اٹارنی جنرل عرفان قادر، وزیرقانون فاروق ایچ نائیک اور پاکستان بارکونسل کے نمائندے نے شرکت نہیں کی۔
لاہور ہائیکورٹ کے 6 ججوں کو توسیع ‘ پشاور میں 7 کے تقرر کی سفارش
Mar 03, 2013