ڈربن (نیوز ایجنسیاں+ سپورٹس ڈیسک) پاکستان اور جنوبی افریقہ درمیان دوسرا اور آخری ٹی ٹونٹی سنچورین میں آ ج کھیلا جائے گا۔ پہلا ٹی 20 میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا۔ جنوبی افریقہ کے شہر ڈربن میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹی 20 میچ مسلسل بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دو ٹی ٹونٹی میچ ہونے تھے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا اور آخری ٹی ٹونٹی سنچورین میں آج کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک چھ ٹی ٹونٹی میچ کھیلے جا چکے ہیں جن میں تین پاکستان اور تین ہی جنوبی افریقہ نے جیتے ہیں۔ پاکستانی ٹیم کی قیادت محمد حفیظ جبکہ جنوبی افریقہ کی ٹیم کی قیادت ڈوپلیس کریں گے۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے پانچ بجے کھیلا جائے گا۔ اس سے پہلے دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی جانے والی تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کے خلاف کلین سویپ کیا تھا۔ 6 مارچ کو دوسرا ٹور میچ جنوبی افریقن انوی ٹیشن الیون کیخلاف کیمبرلی میں کھیلے گی۔ جنوبی افریقہ کیخلاف 5 ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 10مارچ کو بلوم فونٹین میں، دوسرا میچ 15 مارچ کو سنچورین میں، تیسرا میچ 17مارچ کو جوہانسبرگ میں، چوتھا میچ 21 مارچ کو ڈربن میں اور پانچواں میچ 24 مارچ کو بینونی میں کھیلا جائیگا۔ آج کھیلے جانیوالے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں کرکٹ کے ماہرین نے پاکستان کو فیورٹ قرار دیا ہے۔ قومی ٹیم میں شاہد آفریدی، اکمل برادران اور شعیب ملک کی واپسی سے کارکردگی پر اثر پڑے گا اور ٹیم مختصر دورانیہ کی کرکٹ میں اچھا کھیلے گی۔ قومی ٹیم کے کپتان محمد حفیظ بھی کامیابی کیلئے پُرعزم دکھائی دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ کوشش کریں گے کہ آج جنوبی افریقہ کو شکست دیکر سیریز اپنے نام کریں۔