لاہور (وقائع نگار خصوصی) ایڈیشنل اٹارنی جنرل عبدالحئی گیلانی نے کہا ہے کہ صدر زرداری توہین عدالت کیس میں صدر کو عدالتی نوٹس جاری ہونے کے حوالے سے نشر ہونے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ میڈیا حقائق کے برعکس خبریں نشر کرنے سے گریز کرے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل عبدالحئی گیلانی نے لاءافسروں کے ہمراہ اٹارنی جنرل آفس لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ابھی توہین عدالت کی درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق دلائل جاری ہیں اور عدالت نے اس حوالے سے اٹارنی جنرل کو صدر سے ہدایات لے کر پیش ہونے کی ہدائت کر رکھی ہے۔ پندرہ فروری کے بعد صدر زرداری توہین عدالت کیس کی سماعت ہی نہیں ہوئی لہٰذا اس حوالے سے عدالتی نوٹس جاری ہونے کی خبر میں کوئی سچائی نہیں۔