اسلام آباد (جاوید صدیق) الیکشن کمشن آف پاکستان نے وزیراعظم کو ایک خط لکھا ہے جس میں وزیراعظم سے کہا گیا ہے کہ ایف سی کو پروٹوکول ڈیوٹیوں سے فوری طور پر فارغ کیا جائے تاکہ ایف سی کو پاک افغان سرحد پر متعین کیا جاسکے۔ جہاں سے صوبہ خیبر پی کے میں عام انتخابات کے دوران دہشت گردوں کے داخلے اور سکیورٹی مسائل پیدا کرنے کا اندیشہ ہے۔ نوائے وقت کو قابل اعتماد ذرائع نے بتایا ہے کہ الیکشن کمشن نے انتخابات کے دوران سکیورٹی کے انتظامات کے سلسلے میں حال ہی میں ایک اجلاس منعقد کیا تھا جس میں صوبہ کے پی کے نمائندہ نے اس خدشہ کا اظہار کیا تھا چونکہ ایف سی کی دو سو پلاٹونز پروٹوکول ڈیوٹیوں پر مامور ہیں جن کی وجہ سے پاک افغان سرحد پر نگرانی م¶ثر نہیں۔ اس لئے الیکشن کمشن وفاقی حکومت کو ایف سی کی پاک افغان سرحد پر تعیناتی اور انتخابات کے دوران سکیورٹی فرائض انجام دینے کے لئے بروئے کار لایا جا سکے۔ ان ذرائع نے مزید بتایا کہ الیکشن کمشن اگلے ہفتے انتخابات کے دوران سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ایک اجلاس طلب کرے جس میں سیکرٹری دفاع‘ سیکرٹری داخلہ‘ چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹری‘ آئی جیز شرکت کریں گے۔ ذرائع نے یہ بتایا کہ الیکشن کمشن ووٹروں کو بار بار متنبہ کر رہا ہے کہ وہ اگلے دو ہفتوں میں اپنے ووٹوں کو چیک کرلیں۔ ایک مرتبہ انتخابی شیڈول جاری ہوگیا تو اس کے بعد کسی ووٹ کا اندراج ہوگا اور نہ ہی ووٹ ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہوسکے گا۔ الیکشن کمشن کے ذرائع نے بتایا ہے کہ کمشن نے سیاسی جماعتوں کے سربراہوں کو خطہ لکھا ہے کہ وہ اپنے کارکنوں اورووٹروں کو تلقین کریں کہ وہ اپنے ووٹ چیک کرلیں۔انتخابی شیڈول جاری ہونے کے بعد کوئی نیا ووٹ نہ تو بن سکے گا اور نہ ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہوسکے گا۔ان ذرائع کے مطابق 8کروڑ50 لاکھ ووٹروں میں سے اب تک صرف ڈیڑھ کروڑ ووٹروں نے اپنے ووٹ چیک کئے ہیں باقی ووٹروں کو بھی ووٹ چیک کرلینا چاہئیں۔