کلفٹن میں شاپنگ سینٹر کی پارکنگ میں فیملی کے اغوا کی کوشش ناکام

Mar 03, 2013

کراچی (خصوصی رپورٹر) کلفٹن میں واقع شاپنگ سینٹر کی پارکنگ میں فیملی کے مبینہ اغوا کی کوشش سکیورٹی گارڈ نے ناکام بنا دی۔ ملزمان اپنی گاڑی چھوڑ کر دوسری گاڑی میں فرار ہو گئے۔ ملزمان کی فائرنگ سے ایک گارڈ بھی زخمی ہوا ہے جبکہ پولیس حکام واقعے میں ملوث ملزمان اور مبینہ واردات کا نشانہ بننے والی فیملی کو چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پولیس کو واردات کے اصل حقائق ظاہر نہ کرنے کےلئے دباﺅ کا سامنا ہے۔ بوٹ بیسن کے علاقے کلفٹن میں واقع شاپنگ سینٹر کے بیسمنٹ میں قائم پارکنگ میں کھڑی گاڑی میں سوار نامعلوم فیملی کو دوسری گاڑی میں آنے والے 4 ملزمان جن میں ایک لڑکی بھی شامل تھی مبینہ طور پر اغوا کرنے کی کوشش کی جس پر ڈیوٹی پر موجود سکیورٹی گارڈ نے سی سی ٹی وی کیمرے میں تمام واردات کو دیکھ کر فوری طور پر ملزمان کو للکارا جس پر ملزمان نے سکیورٹی گارڈز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی اور اپنی گاڑی میں بیٹھ کر فرار ہونے لگے تاہم گیٹ پر تعینات گارڈز نے گیٹ بند کرنے کے ساتھ گاڑی کے ٹائروں پر فائرنگ بھی کر دی جس پر گاڑی کے اگلے دونوں ٹائر پھٹ گئے تاہم ملزمان گاڑی کو اسی حالت میں گیٹ کراس کر کے باہر سڑک تک لے آئے اور باہر موجود ایک اور گاڑی میں بیٹھ کر باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی اعلیٰ پولیس حکام بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور ملزمان کی چھوڑی ہوئی گاڑی کو تحویل میں لے کر بم ڈسپوزل سکواڈ اور فرانزک ماہرین کو طلب کر لیا۔ 

مزیدخبریں