لاہور (نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر آبپاشی وچیئرمین پیڈا میاں یاور زمان نے کہا ہے کہ ٹوٹے ہوئے موگہ جات کی درستگی کے لئے فیلڈ عملے کونہروں پر پٹرولنگ کا نظام مزید فعال کر نے کی ہدایت کر دی گئی ہے تاکہ ٹیلوں تک پانی کی ترسیل بہتر ہو سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ موگوں کی درستگی سے تمام آبپاشگان یکساںطور پر مستفید ہوں گے جس سے پیداوار میں اضافہ ہو گا۔یہ بات انہوں نے کسان تنظیموں کے وفد سے ملاقات میں کہی۔وفد کی قیادت رانا محمد اسلم کررہے تھے۔ صوبائی وزیرنے گفتگو کے دوران بتایا کہ صوبہ بھر میں محکمہ آبپاشی کے فیلڈ دفاتر کودی جانے والی ہدایات کے مطابق سب انجینئرز ماہانہ بنیادوں پر اپنی نہروں کے موگہ جات کا سروے کریں گے جبکہ متعلقہ ایس ڈی اوز ان چیک شدہ موگہ جات کے دس فیصد کا معائنہ کرنے کے پابند ہوں گے۔