سیکرٹری الیکشن کمشن، الیکشن کمشنر پنجاب و خیبر پی کے سمیت 7 افسران کی مدت ملازمت میں توسیع

Mar 03, 2014

اسلام آباد (آئی این پی) مئی 2013ء کے عام انتخابات کرانے والے سیکرٹری الیکشن کمشن اشتیاق احمد خان نے پنجاب اور خیبرپی کے کے صوبائی الیکشن کمشنرز سمیت کمیشن کے 7اعلیٰ افسران کو مدت ملازمت میں توسیع دے دی، تحریک انصاف سمیت کئی جماعتوں نے سابقہ انتخابات کے نتائج پر دھاندلی کے الزامات عائد کئے تھے، توسیع پانے والے دیگر افسران میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل لیگل، دو ڈائریکٹر لیگل، ریجنل الیکشن کمشنر قلات ڈویژن اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر جھنگ شامل ہیں، سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان، صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب محبوب انور اور صوبائی الیکشن کمشنر خیبرپی کے سونو خان بلوچ کو دسمبر 2014ء تک ایک ایک سال کی توسیع دی گئی جبکہ سیکرٹری الیکشن کمشن کو دوسری بار ملازمت میں توسیع ملی ہے۔ قبل ازیں پیپلز پارٹی کے دور میں بھی وہ توسیع حاصل کرچکے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے ان افسران کی مدت ملازمت میں توسیع کی وجہ ان کا تجربہ اور آئندہ بلدیاتی انتخابات میں اس سے استفادہ بتایا ہے۔ لیگل ونگ میں ایڈیشنل ڈائریکٹر لیگل عبدالرحمن خان اور ڈائریکٹر ثناء اللہ ملک کو نومبر 2014ء تک دو سالہ کنٹریکٹ پر ملازمت کی گئی۔ کمیشن کے ڈائریکٹر محمد نواز کو ستمبر 2014ء تک ایک سال کی توسیع دی گئی، ریجنل الیکشن کمشنر قلات ڈویژن محمد نور شاہوانی کو اگست 2014ء تک ایک سال اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر جھنگ امانت علی کو 31مارچ 2014ء تک 3ماہ کی توسیع دی گئی۔

مزیدخبریں