چمن کار اور بس میں تصادم‘ دو خواتین‘ دو بچوں سمیت آٹھ افراد جاں بحق

Mar 03, 2014

چمن (نوائے وقت نیوز + ایجنسیاں) چمن میں سرانان کے قریب کار اور مسافر بس میں تصادم سے 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔نجی ٹی وی کے مطابق کوئٹہ چمن شاہراہ پر سرانان کے قریب سید حمید پل پر تیز رفتار کار موڑ کاٹتے ہوئے مخالف سمت سے آنے والی مسافر بس سے جا ٹکرائی، حادثے کے نتیجے میں کار مکمل طور پر تباہ جبکہ اس میں سوار 7 افراد موقع پر ہی جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔ زخمی کو فوری طور پر سول ہسپتال پشین لایا گیا جہاں وہ زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔لیویز حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد میں دو بچے اور دو خواتین شامل ہیں، نعشوں کو مردہ خانے میں رکھوا دیا گیا جنہیں قانونی کارروائی کے بعد لواحقین کے سپرد کردیا جائے گا۔لیویز ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ حادثہ کوئٹہ  چمن شاہراہ پرحمید کراس پل کے قریب پیش آیا۔ذرائع کے مطابق، کوئٹہ سے چمن جانے والی کار مخالف سمت سے آنے والی تیزرفتاربس سے ٹکرا گئی۔ہلاک ہونے والوں کا تعلق کوئٹہ کے علاقے پشتون آباد سے تھا۔حادثہ کے باعث کوئٹہ  چمن شاہراہ پرٹریفک کے لئے معطل ہوگئی۔

مزیدخبریں