مونٹریکس (سوئٹزرلینڈ) (رائٹر+ نوائے وقت رپورٹ) امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے چپکے سے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ وہ ایران سے شروع ہونے والے مذاکرات کے حوالے سے ہونے والی ڈپلومیسی کی جڑیں نہ کاٹے۔ انہوں نے یہ بات اس وقت کہی جب اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو ایرانی ڈپلومیسی کے حوالے سے رپورٹ امریکی کانگرس میں پیش کرنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وقت گزر رہا ہے۔ ایران کو سخت چوائسز کرنا ہونگی۔ ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا کہ ڈیل کے لیے مغربی ممالک پابندیاں ہٹائیں۔ واضح رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو آج امریکی کانگریس سے خطاب کریں گے۔ اسرائیلی وزیراعظم امریکی کانگریس کی دعوت پر واشنگٹن پہنچے ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر اوباما نے اسرائیلی وزیراعظم سے ملنے سے انکار کر دیا ہے۔ امریکی نائب صدر جوبائیڈن نے بھی نیتن یاہو کی تقریر کی تقریب میں شرکت سے معذرت کی ہے۔ یاہو نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایرانی جوہری پروگرام پر ممکنہ ڈیل ہماری بقا کیلئے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔