اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) خیبر پی کے ورکرز ویلفیئر بورڈ کے برطرف ملازمین نے بنی گالہ میں عمران کی رہائش کے باہر احتجاج کیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق برطرف ملازمین بارش میں بحالی کی دہائی دیتے رہے۔ شیخ رشید عمران سے ملنے آئے تو ملازمین نے ان کی گاڑی روک لی۔ شیخ رشید نے یقین دہانی کرائی کہ میں ملازمین کے مطالبات عمران خان تک پہنچاؤں گا۔ ملازمین نے مطالبہ کیا کہ صوبائی حکومت تمام ملازمین کو ان کی نوکریوں پر بحال کرے۔ عمران خود آ کر مسئلے کے حل کی یقین دہانی کرائیں۔