اسلام آباد(صباح نیوز+نوائے وقت رپورٹ) وزیرِ داخلہ چودھری نثار علی خان نے 23 مارچ کی سکیورٹی کے حوالے سے شائع شدہ خبرکا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد طاہر عالم کی سرزنش کی ہے۔ خیال رہے کہ اسلام آباد پولیس نے دعویٰ کردیا تھا کہ دہشتگردوں سے اسلحہ برآمد کر کے یوم پاکستان کی پریڈ پر حملے کے منصوبے کو ناکام بنادیا گیا ہے جن کے شواہد سے ایسی کوئی بات ثابت نہ ہوسکی پیر کی شام وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں ترجمان وزارتِ داخلہ نے کہا ہے کہ 23 مارچ کی سکیورٹی کے حوالے سے شائع شدہ خبر کا وزیرِ داخلہ نے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے اسلام آباد پولیس پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ سرچ آپریشن کے دوران اسلحہ پکڑنے پر بغیر کسی ٹھوس ثبوت کے معاملے کو23 مارچ کی پریڈ سے جوڑنا بلاوجہ خوف و ہراس پھیلانے کے مترادف ہے۔ وزیر داخلہ نے اس معاملے پر آئی جی اسلام آباد کی سر زنش کی۔ ترجمان نے مزید کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے تمام ادارے 23 مارچ کی پریڈ کی سکیورٹی کیلئے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ دن رات محنت کر رہے ہیں۔
وزیرداخلہ کا 23 مارچ کو سکیورٹی کے حوالے سے خبر کا نوٹس‘ برآمد اسلحے کو پریڈ کے ساتھ جوڑنے پر آئی جی اسلام آباد کی سرزنش
Mar 03, 2015