اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار کا اجلاس خواجہ سہیل منصور کی زیرصدارت ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری ڈیفنس پروڈکشن طاہر تنویر اور چیئرمین ہیوی انڈسٹری ٹیکسلا واحد سعید نے شرکت کی۔ وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر نے کہا ہے کہ بکتربند گاڑیوں کے معاملے پر سندھ حکومت کی بدنامی ہورہی ہے۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ ہمارے جوان افسران شہید ہو رہے ہیں ہمیں بکتر بند گاڑیوں کی ضرورت ہے۔ بکتربند گاڑیوں کا معاملہ سپریم کورٹ میں چل رہا ہے۔کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ دہشت گردی ہے اپیکس کمیٹی نے 64 دہشت گردوں کے کیسز عدالت داخلہ کو بھجوا دیئے ہیں ائر پورٹ اور کور کمانڈر پر حملہ کیس بھی بھجوا دیئے گئے ہیں۔ ہم نیشنل ایکشن پلان پر پوری طرح عمل کر رہے ہیں حکومت سندھ نے غلط کام کیا اسے ہر فورم پر اٹھاؤں گا قومی خزانے پر من مانی نہیں چلنے دیں گے۔