سپریم کورٹ، بلدیاتی انتخابات نہ کرانے کیخلاف دائر مقدمات کی سماعت آج ہو گی

اسلام آباد + لاہور (صباح نیوز+ وقائع نگار خصوصی) سپریم کورٹ ملک کے تین صوبوں اور کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات نہ کرائے جانے کے خلاف دائر مقدمات کی سماعت آج (منگل کو) کرے گی۔ جسٹس جواد ایس خواجہ کی سر براہی میں جسٹس سرمد بلال عثمانی اور جسٹس مقبول باقر پر مشتمل عدالت عظمیٰ کا تین رکنی بنچ بلوچستان ہائیکورٹ بار کے صدر کی جانب سے دائر درخواستوں کی سماعت کے ساتھ منسلک وزیراعظم کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کی تھی جس میں کہا گیا تھا کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات نہ ہونے کے ذمہ دار وزیراعظم ہیں جبکہ سپریم کورٹ کے اس ضمن میں جاری کردہ حکم پر عملدرآمد نہیں کیا گیا اسلئے وزیر اعظم کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔ عدالت نے اس درخواست پر اٹارنی جنرل سلمان اسلم بٹ کو نو ٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا تھا۔ عدالت کا کہنا تھا یہ حساس معاملہ ہے اس لئے وزیراعظم کو نوٹس جاری کرنے سے پہلے اٹارنی جنرل سے جواب طلب کرتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس ضمن میں اٹارنی جنرل نے اپنا تحریر ی جواب تیار کر لیا ہے۔ دریں اثناء سپریم کورٹ میں صوبائی حکومتوں کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے لئے حلقہ بندیوں کا اقدام چیلنج کر دیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں دائر کی گئی درخواست میں مئوقف اختیار کیا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 140کے تحت بلدیاتی انتخابات اور نئی حلقہ بندیاں کرانا الیکشن کمشن کا اختیار ہے۔ صوبائی حکومتیں نئی حلقہ بندیاں کرنا چاہتی ہیں جو ماورائے آئین اقدام ہے۔

ای پیپر دی نیشن