لاہور+ کراچی (سپورٹس رپورٹر + کرائم رپورٹر) ڈسٹرکٹ لائیو سٹاک آفیسر لاہور غلام حسین بھٹہ اور انکی ٹیم نے گذشتہ روز چشتیاں سے آنے والی بس کو سگیاں پل پر روک کر تلاشی لی تو اس سے 750 کلو مردار اور مُضر صحت گوشت برآمد ہوا جو لاہور کے مختلف علاقوں میں سپلائی کیا جانا تھا۔ گوشت لانے والے محمد افضل کو شیراکوٹ پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ اس سے قبل ڈسٹرکٹ لائیو سٹاک آفیسر اوکاڑہ ڈاکٹر محمد اشرف اور انکی ٹیم نے اوکاڑہ بائی پاس کے قریب ایک گاڑی سے 400 کلو نیم مردہ جانوروں کا گوشت برآمد کر کے محمد رشید سکنہ محبوب ٹاؤن کو گرفتار کرا دیا۔ دوسری طرف کراچی کے علاقے گوٹھ ابراہیم حیدری میں پولیس نے ایک مکان پر چھاپہ مار کر کتے کا گوشت بنانے میں مصروف 2 افراد عمران اور اشرف کو حراست میں لے لیا۔ ملزموں کے پاس سے کتوں کے جلے ہوئے سر اور گوشت برآمد کرلیا گیا جو مٹن کے نام پر شہر میں سپلائی کیا جا رہا ہے۔ گرفتار دونوں ہیروئن کے عادی بتائے جاتے ہیں۔ انہوں نے پولیس کو بتایا کہ وہ گوشت صرف بناتے ہیں، سپلائی کرنے کا کام کوئی اور کرتا ہے۔