گیس مہنگی نہیں ہوگی‘ گرمیوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کم کرینگے‘ عابد شیر

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) عوام کو گیس ‘پانی‘ بجلی ‘ تعلیم اور صحت کی بنیادی سہولیات پہنچانا ہمارا فرض ہے اور ہم یہ فرض بخوبی انجام دیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے پر یقین رکھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر مملکت برائے پانی و بجلی چودھری عابد شیرعلی نے مجاہد آباد یو سی 259 میں گیس اور بجلی کی فراہمی کے موقع پر کیا۔اس موقع پر ملک شہزاد‘ کوارڈی نیٹر این اے 84میاں محمد سرور‘ چوہدری فقیر محمد‘ کوارڈی نیٹر سوئی گیس حاجی مبشر‘ رفاقت علی‘ رانا غلام رسول‘ رانا دلشاد احمد‘ چوہدری اشرف‘ حاجی سلیمان و دیگر بھی موجود تھے۔ عابد شیرعلی نے کہا مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں عوام کو تمام بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں گی اور میاں محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک اندھیروں سے نکل کر روشنیوں کی طرف آئے گا‘ بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں بتدریج کمی ہو رہی ہے‘ بیوروکریسی نے کئی بار وزیراعظم محمد نواز شریف کو گیس مہنگی کرنے کا مشورہ دیا مگر وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہم عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینا چاہتے ہیں اس لئے ہم گیس مہنگی نہیں کریں گے‘ انہوں نے کہا 31 مارچ کے بعد ہمارے پاس گیس وافر مقدار میں موجود ہو گی اس لئے ہم گیس سے بجلی بناکر بجلی کی کمی کو پورا کریں گے اور آنے والی گرمیوں میں کم سے کم بجلی کی لوڈ شیڈنگ کریں گے۔انہوں نے کہا این اے 84 میں اربوں روپے کے ریکارڈ ترقیاتی کام ہو رہے ہیں اور ہماری حکومت کے اختتام تک تمام عوامی مسائل حل کر دیئے جائیں گے کروڑوں روپے کی لاگت سے مختلف منصوبوں پر کام ہو رہا ہے اور ان کی تکمیل سے عوام سکھ کا سانس لیں گے۔

ای پیپر دی نیشن