کراچی (کرائم رپورٹر + آن لائن) کراچی میں فائرنگ اور تشدد کے واقعات دستی بم کے حملے میں متحدہ کے کارکن اور بچی سمیت 5 افراد جاں بحق 7 شدید زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق لیاری کے علاقے مرزا آدم خان روڈ پر موٹرسائیکل سوار 2 افراد نے گذشتہ روز سڑک کنارے کھڑے افراد پر دستی بم پھینک دیا۔ بم پھٹنے سے 2 سالہ بچی رشیدہ جاں بحق اور 7 افراد شدید زخمی ہو گئے جنہیں فوری ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ 2 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ دریں اثناء جمشید کوارٹرز تھانے کی حدود میں فائرنگ سے سکیورٹی گارڈ فخر ہلاک ہو گیا۔ کورنگی نمبر دو کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 29 سالہ حجام ثاقب دم توڑ گیا۔ ثاقب متحدہ قومی موومنٹ کا کارکن تھا۔ قبضہ کالونی کے علاقے کٹی پہاڑی کرسچن محلے میں ساس نے اپنی بہو صائمہ اندلس کو زندہ جلا کر مار ڈالا۔ پولیس نے ساس کو گرفتار کر لیا۔ سرجانی ٹاؤن میں جھاڑیوں سے 30 سالہ خاتون کی نعش ملی۔ ادھر سپیشل برانچ پولیس نے کراچی ائرپورٹ کے قریبی علاقے میں غیر قانونی مقیم 7 افغان مہاجرین کو حراست میں لے لیا۔ ملزموں کا تعلق افغان صوبہ غزنی سے بتایا جا رہا ہے۔ اسی طرح انسداد دہشت گردی سیل کے عملے نے سپر ہائی وے کے قریب سے کالعدم تحریک طالبان کے کارندے نعیم ناصر کو گرفتار کر لیا۔