دبئی (این این آئی + صباح نیوز) ذرائع کے مطابق لیاری گینگ وار کے اہم سرغنہ پیپلز پارٹی کے سابق ایم این اے عزیر بلوچ نے دبئی کی عدالت میں سیاسی پناہ کیلئے درخواست دائر کردی جس کی سماعت جمعرات کو ہوگی۔ اطلاعات کے مطابق دبئی میں اپنا کیس لڑنے کیلئے عزیر بلوچ نے 5 لاکھ درہم فیس کے عوض معروف لائرز فرم کی خدمات حاصل کی ہیں۔ گزشتہ روز ملزم کو پراسیکیوشن کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستانی پولیس کے حکام نے عزیر بلوچ کے زائد المیعاد پاسپورٹ اور حوالگی کی دستاویزات جمع کرائیں۔ بتایا گیا ہے کہ ان دستاویزات کو دبئی کے محکمہ انصاف نے نامکمل قرار دیکر مکمل دستاویزات بھجوانے کیلئے حکومت پاکستان کو آگاہ کردیا ہے جبکہ عزیر بلوچ کا عارضی پاسپورٹ بھی ایک دو روز میں بن جائے گا۔ ملزم کی پاکستان حوالگی کا معاملہ 5 مارچ سے بھی آگے تک تاخیر کا شکار ہوتا نظر آرہا ہے۔
عزیر بلوچ نے دبئی کی عدالت میں سیاسی پناہ کی درخواست دائر کردی
Mar 03, 2015