کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ایجنسیاں)سندھ رینجرز کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایک سیاسی تنظیم کی جانب سے متواتر لگائے جانے والے الزامات حقائق کے منافی ہیں، جرائم پیشہ افراد کیخلاف بلاتفریق آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں، الزامات کا مقصد قومی سلامتی کیلئے جاری کراچی آپریشن کو نقصان پہنچانا ہے، جاری کئے گئے اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ جرائم پیشہ افراد کوئی بھی لبادہ اوڑھ لیں وہ رینجرز کا ہدف ہیں۔ گرفتار کئے گئے افراد جرائم میں ملوث ہیں، صرف جرائم پیشہ افراد کی گرفتاری کیلئے ہی بلاتفریق کارروائی کرتے ہیں، رینجرز ہر مجرم کو کیفرکردار تک پہنچانے کیلئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ رینجرز نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران سات دہشت گرد گرفتار کرلئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔ کارروائیاں مہران ٹاﺅن، چشتیاں کالونی، یوسف گوٹھ اور بنارس میں کی گئیں۔ رینجرز اہلکار اپنے آپریشنز کسی تفریق رنگ ونسل، لسانیت اور فرقہ واریت کے خلاف اور تامل کے بغیر جاری رکھے ہوئے ہے۔ گذشتہ چند روز میںگرفتار کئے گئے افراد گھناﺅنے جرائم میں ملوث ہیں، جن میں ٹارگٹ کلنگ نمایاں ہے۔ قاتلوں اور بھتہ خوروں کے لئے ہمدردانہ سوچ رکھنے والے گروہ یہ بات ذہن نشین کرلیں کہ رینجرز مجرموں کوکیفرکردار تک پہنچانے کے لئے کردار اداکرتی رہے گی۔ ساتھ عوام الناس سے درخواست کی جاتی ہے کہ فرقہ وارانہ دہشتگردوں کے بارے میں معلومات رینجرز ہیلپ لائن 1101 پر دیں، ان کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
کراچی (نیٹ نیوز) ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے کارکنوں کے گھروں پر چھاپے بند کئے جائیں۔ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میںکہا گیا ہے کہ امن وامان کی صورتحال کو جواز بنا کر ایم کیو ایم کے کارکنوں کے گھروں پر بلاجواز چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے، منظم سازشی منصوبہ بندی کے تحت ایم کیو ایم کو ہی شہر میں امن وامان کی صورتحال اور خونریزی کا ذمہ دار ٹھہرایا جاتا ہے۔ کراچی کے عوام ایم کیو ایم کو ہر انتخابات میں ووٹ دے کر اعتماد کا اظہار کرتے چلے آئے ہیں۔ ایم کیو ایم کے رہنما حیدر عباس رضوی نے کہا دہشت گرد دندناتے پھر رہے ہیں پر کوئی روکنے والا نہیں، سیاسی اور مذہبی جماعتیں بھی خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حیدر عباس رضوی نے کہا کہ دہشت گردوں کو لائسنس ٹو کِل دے دیا گیا ہے۔ کالعدم تنظیمیں ایم کیو ایم کو نشانہ بنارہی ہیں۔ کارکنوں کو قتل کیا جا رہا ہے پر کوئی مجرم پکڑا نہیں جاسکا۔ کراچی میں ریاست کی رٹ کو کھلے عام چیلنج کیا جا رہا ہے۔ سیاسی اور مذہبی جماعتیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔ شہر کے امن کو معمول پر لایا جائے۔ انہوں نے کورنگی میں فائرنگ کا نشانہ بننے والے کارکن کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔