کوہاٹ + ڈیرہ بگٹی + گوادر (نیوز ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ) کوہاٹ پولیس نے سکیورٹی فورسز پر حملوں میں مطلوب اہم دہشت گرد کو دو ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا ہے۔ قبائلی علاقہ اورکزئی ایجنسی سے تعلق رکھنے والے ملزمان کو ہنگو روڈ پر ناکہ بندی کے دوران گاڑی سے حراست میں لیا گیا جن سے اسلحہ بھی ملا ہے۔ جبکہ ڈیرہ بگٹی میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا اور ایک نالے سے 10، 10 کلو وزنی بم اور 5 کلو بارودی مواد برآمد کرلیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ محمد صہیب اشرف کے مطابق شہر کے داخلی راستے کوہاٹ ہنگو روڈ پر تبلیغی مرکز کے قریب ناکہ بندی کی اور اس دوران ایک کار کو روکا گیا جس میں سوار دہشت گرد بلال سکنہ کلایہ اورکزئی ایجنسی اور اس کے دو سہولت کاروں فہیم حسن اور شایاز خان کو حراست میں لیکر انکے قبضے سے پستول اور کارتوس بھی برآمد کرلئے گئے۔ ادھر ڈیرہ بگٹی میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے نالے سے 2 بم اور بارودی مواد برآمد کیا اور بم اور بارودی مواد کو ناکارہ بنادیا۔ علاوہ ازیں پاکستان کوسٹ گارڈز نے گوادر کے قریب کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر ایران جانے والے 45 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ ترجمان پاکستان کوسٹ گارڈز نے بتایا کہ گوادر کے قریب کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر ایران جانے والے 45 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔گرفتار کئے جانے والے افراد میں 20 افغانی باشندے بھی شامل ہیں۔