بحرین سے لاہور آنیوالے طیارے کی آسمانی بجلی گرنے سے ہنگامی لینڈنگ‘ 214 پاکستانی مسافر نئی دہلی میں پھنس گئے

Mar 03, 2015

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) لاہور آنے والی گلف ائر لائنز کی پرواز جی ایف 766 پر آسمانی بجلی گرنے سے طیارے کو نقصان پہنچا اور اسے ہنگامی طور پر نئی دہلی ائرپورٹ پر اتار لیا گیا۔ پرواز بحرین سے لاہور آ رہی تھی۔ طیارے میں 214 پاکستانی مسافر سوار تھے جو محفوظ ہیں۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا وزیراعظم کے مشیر ہوا بازی شجاعت عظیم نے مسافروں کو ہر قسم کی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔ شجاعت عظیم نے خلیجی ائر لائن انتظامیہ کو چارٹرڈ طیارہ بھجوانے کی پیش کی ہے۔ ائر لائن انتظامیہ نے اپنی ٹیکنیکل ٹیم یو اے ای سے نئی دہلی روانہ کر دی۔ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے نئی دہلی ائر پورٹ 200 سے زائد پاکستانیوں کے پھنس جانے کا نوٹس لیتے ہوئے پاکستانی ہائی کمیشن کو ان کی وطن واپسی کے لئے متبادل انتظامات کرنے اور پی آئی اے کو بھی فوری طور پر اپنا طیارہ نیو دہلی ائر پورٹ بھجوانے کی ہدایت کی۔ اسلام آباد سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن کو بھی ان مسافروں تک فوری رسائی اور وطن واپس بلوانے کے لئے ہر ضروری تعاون فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

مزیدخبریں