لاہور(نیوزرپورٹر) صوبائی وزیر آبپاشی و چیئرمین پیڈا میاں یاور زمان نے کہا ہے کہ آبیانہ کی ہر ممکن وصولی کسان تنظیموں کی بنیادی ذمہ داری ہے جبکہ ادارہ جاتی اصلاحات پروگرام کی کامیابی کا دارومدار آبیانہ کی سو فیصد وصولی سے مشروط ہے۔ یہ بات انہوں نے آبیانہ وصولی کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کے دوران کہی۔اجلاس میں پیڈا کے جنرل مینجر چوہدری خاور نذیر ، جنرل مینجر (آپریشن) ملک محمد طارق ، ڈپٹی جنرل مینجر (ٹی ایم) افضل انجم طوراور ڈپٹی جنرل مینجر (آپریشن) میاں عبدالرشید کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔اجلا س میں صوبائی وزیر کو پیڈا کے زیر انتظام ایریا واٹر بورڈ ز میں آبیانہ کی مجموعی صورت حال کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ صوبائی وزیریاور زمان نے کہا کہ پنجاب حکومت کسان برادری کی بہتری کے لئے دن رات کوشاں ہے اور پیڈا کے زیر انتظام کسان تنظیموں کی تشکیل حکومت کا کسان برادری پر مکمل اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔ تاہم ان تنظیموں کے کسان ممبران پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ حکومت کے اس اعتماد پر پورا اترتے ہوئے اپنے پیشہ وارانہ فرائض دلجمعی سے ادا کریں ۔ نہری انتظام و انصرام پر ہونے والے اخراجات پورا کرنے کے لئے آبیانہ کی مکمل وصولی انتہائی نا گزیر ہے جس کے بغیر نہری نظام کو مربوط بنیادوں پر قائم رکھنا مشکل ہو گا ۔