تزویراتی پلان 2018ئ: الیکشن کمشن کی سفارشات اصلاحات پارلیمانی کمیٹی کے سپرد

اسلام آباد (اے پی پی) الیکشن کمشن نے پانچ سالہ تزویراتی پلان 2018ء کے تحت لیگل فریم ورک کے اکثر نکات پر اپنی سفارشات انتخابی اصلاحات کیلئے قائم پارلیمانی کمیٹی کو دیدی ہیں جبکہ انتخابات سے متعلقہ تمام قوانین کو یکجا کر کے ایک قانون بنائے جانے کے مسودہ کو رواں ماہ حتمی شکل دیئے جانے کا امکان ہے،انتخابی قانون 2015ء کے مسودہ میں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی آرٹیکل62اور63کے تحت جانچ پڑتال ، خواتین کو ووٹ سے روکے جانے پر سزا سمیت دیگراہم قانونی پہلوئوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔ الیکشن کمشن ذرائع کے مطابق انتخابی قوانین کو یکجا کر کے یکساں قانون بنانے کے لئے الیکشن کمشن نے پانچ سالہ تزویراتی پلان کا آغاز 2014ء میں کیا تھا۔ 2018ء میں مکمل ہونے والے اس پلان میں لیگل فریم ورک کے 16 نکات شامل ہیں جن میں 2013ء کے عام انتخابات کی روشنی میں لیگل فریم ورک کے حوالے سے خامیوں کی نشاندہی کی گئی تھی۔ یہ کام جون 2014ء میں مکمل کرلیا گیا تھا۔ عوامی نمائندگی ایکٹ 1976ء میں ترامیم تجویز کرتے ہوئے الیکشن کمشن کی لیگل فریم ورک کمیٹی نے انتخابی قانون 2015ء کا مسودہ پارلیمانی انتخابی اصلاحات کی ذیلی کمیٹی کو بھجوایا ہے۔ اس کی مارچ میں منظوری کا امکان ہے۔

ای پیپر دی نیشن