پاکستان سے ملکر دفاعی کارگو طیارے ”اینتونوف“ بنانے کیلئے تیار ہیں: یوکرائنی سفیر

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان میں یوکرائن کے سفیر ولادی میر لاکوموف نے کہا ہے کہ یوکرائن کی حکومت اور ہماری کمپنیاں پاکستان میں دفاعی شعبہ میں سپلائی اور معروف کارگو طیارے اینتونوف این 225 کی مشترکہ تیاری کیلئے تعاون کیلئے تیار ہیں۔ مشترکہ پیداواری منصوبہ دفاعی شعبہ میں طویل المدت تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے اہم ثابت ہو گا۔ اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا چین پاکستان اکنامک کوریڈور پراجیکٹ کی حمایت کرتے ہیں اور یوکرائن کی کمپنیاں اس منصوبے میں سرمایہ کاری پسند کریں گی کیونکہ یہ اس خطے کے معاشی استحکام کی ضمانت ہو گا۔ جن میں سے زیادہ کا تعلق تعلیم، ثقافت، میڈیا اور وفود کے تبادلوں سے ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی حکومت اور مسلح افواج کے کردار کو سراہا اور کہا کہ پوری دنیا پاکستانی قوم اور مسلح افواج کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ یوکرائن کی مختلف یونیورسٹیوں بالخصوص میڈیکل، انجینئرنگ، ٹیکسٹائل، زراعت اور میٹالرجی کے شعبوں میں ایک ہزار سے زائد پاکستانی طلباءزیر تعلیم ہیں۔ یوکرائن میں 100 سے زائد یونیورسٹیاں ہیں جو پاکستان کے زیادہ سے زیادہ طلباءکو تعلیم دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں اور سفارتخانہ اس سلسلے میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی تاجر یوکرائن میں سرمایہ کاری سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں جس کا یورپی ممالک کے ساتھ آزادانہ تجارتی معاہدہ ہے۔ یوکرائن کی کمپنیاں ترکمانستان، افغانستان، پاکستان، بھارت (تاپی) گیس منصوبہ میں سرمایہ کاری کیلئے تیار ہیں۔ پاکستان اور یوکرائن اپنی تجارت کو اربوں ڈالر تک بڑھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں جس سے استفادہ کیا جانا چاہئے۔
یوکرائنی سفیر

ای پیپر دی نیشن