لاہور(تجزیہ چودھری اشرف) پاکستان کرکٹ ٹیم کی بنگلہ دیش کے ہاتھوں ٹی ٹونٹی کے اہم میچ میں شکست کی ذمہ داری سلیکشن کمیٹی، ٹیم مینجمنٹ اور کپتان شاہد خان آفریدی ہیں۔ پاکستان سپر لیگ کے ایک میچ کی پرفارمنس پر دو کھلاڑیوں جبکہ ایک کرکٹر کو خفیہ سفارش پر جب ٹیم میں شامل کیا جائے گا تو نتائج ایسے ہی نکلیں گے۔ کپتان شاہد آفریدی نے ایک میچ میں بھی ذمہ دارانہ کردار ادا نہیں کیا۔ تین میچوں کی دو اننگز میں صرف دو رنز بنا سکے جبکہ صرف دو وکٹیں حصے میں آئیں۔ شرجیل خان تین میچوں کی تین اننگز میں 21 رنز سکور کر سکے۔ خرم منظور جنہیں کسی خفیہ سفارش پر سلیکشن کمیٹی نے قومی ٹیم میں جگہ دی تھی تین میچوں میں 11 رنز بنا سکے جن میں سے 10 رنز صرف ایک میچ میں تھے۔ محمد سمیع نے پاکستان سپر لیگ کے ایک میچ میں پانچ کھلاڑیوں کو آوٹ کر کے قومی سکواڈ میں جگہ بنائی تھی تین میچوں میں 74 رنز دیکر تین کھلاڑیوں کو آوٹ کر سکے۔ عمر اکمل نے بھی تینوں میچوں میں 57 رنز بنائے۔ جن میں ان کے 50 رنز ایک میچ میں بنے۔ اوپنر محمد حفیظ نے بھی پوری قوم کو مایوس کیا۔