پی ایس ایل فائنل : ٹکٹ ختم: قطاریں لگی رہیں‘ پنجاب میں دفعہ 144 ....

لاہور (فرخ سعید خواجہ) وزیراعلیٰ شہباز شریف اور پنجاب حکومت نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے فوج، رینجرز، پولیس کے علاوہ میڈیا کا تعاون حاصل کرنے کیلئے کوششیں شروع کر دی ہیں۔ وزیر قانون رانا ثناءاللہ خان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ تمام طبقات کی خواہش تھی پی ایس ایل پاکستان میں ہو، کم از کم طے شدہ پروگرام کے تحت فائنل تو ضرور یہاں ہو۔ اس خواہش، جوش اور جذبے کو سامنے رکھتے ہوئے 5 مارچ کو قذافی سٹیڈیم میں فائنل کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ فول پروف سکیورٹی بروئے کار لائی جائے گی۔ فائنل کے دن سٹیڈیم سے قومی یکجہتی کا پیغام جائے گا۔ سکیورٹی کے جو انتظامات کئے جا رہے ہیں وہ اس سے پہلے بھی وی وی آئی پی شخصیات کی پاکستان آمد پر کئے جاتے رہے ہیں، اسے غیرمعمولی انداز میں نشر نہ کیا جانا یقیناً بہتر ہو گا خصوصاً شخصیات اور ٹیموں کی آمدورفت کا وقت، ان کے روٹس اور فوج، رینجرز، پولیس کی تعیناتی کے مقامات دینے سے اجتناب کیا جانا قومی مفاد میں ہے۔ بعض ایسے دوست اور بھائی بھی ہیں جو کوئی معاملہ قومی مفاد میں ہے کہ وہ ہر اس اقدام کی مخالفت کرتے ہیں جو حکومت سے منسوب ہو۔ کچھ لوگ ذاتی اور سیاسی مفاد سے بڑھ کر نہیں سوچتے۔ پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے بعض لیڈروں کے نام لئے بغیر ان کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ وزیر قانون نے سانحہ چیئرنگ کراس اور گلشن اقبال لاہور کے ملزموں کے بارے میں تفصیل بیان کی۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے 15 برس میں دہشت گردی کے جو واقعات ہوئے ان میں ضرب عضب کے بعد پچھلے دو سال میں 80 فیصد کمی آئی ہے، باقی 20 فیصد دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ ضرب عضب سے پہلے ننانوے فیصد دہشت گرد وزیرستان اور خودکش بمبار افغانستان سے آتے تھے۔ پچھلے گیارہ ماہ میں لاہور میں گلشن اقبال کا خودکش حملہ 27 مارچ 2016ءکو ہوا۔ اس میں 11 ملزم اور سہولت کار تھے، ان میں سے 9 ملزم سی ٹی ڈی سے مقابلے میں مارے گئے اور 2 جیل میں ہیں۔ ان سب کا تعلق مہمند ایجنسی سے تھا اور خودکش بمبار افغانستان سے آیا تھا۔ نہ صرف تمام ملزم گرفتار ہوئے بلکہ پورا نیٹ ورک ”اَن ارتھ“ کیا گیا۔ سانحہ چیئرنگ کراس کے تمام ملزم بھی گرفتار کر لئے گئے اور ملزمان سی ٹی ڈی کے پاس زیرتفتیش ہیں، ان کا سارا نیٹ ورک بھی ”اَن ارتھ“ کیا گیا۔ ان تمام ملزموں کا تعلق باجوڑ ایجنسی کے ساتھ ہے۔ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کا نتیجہ ہے کہ ان دہشت گردوں کو یہاں سے ایک بھی سہولت کار نہیں ملا حالانکہ اس سے پہلے ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کے تانے بانے بعض مدرسوں سے ملتے تھے جس کا اب مکمل خاتمہ ہو گیا ہے۔ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کا نتیجہ ہے کہ پنجاب میں 1857 مدرسے ہیں جہاں سے اب دہشت گردوں کو کوئی سہولت کار میسر نہیں۔ یہاں سرگرم کالعدم جماعتوں کی اے، بی، سی کٹیگری کو مکمل تباہ کر دیا گیا اور ان کی سرگرمیوں کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے پشتونوں کی گرفتاریوں اور چھاپوں کو منفی پروپیگنڈا قرار دیا اور کہا کہ اگر کہیں ایسا ہوا ہے تو اس جگہ کی نشاندہی کی جائے اور گرفتار لوگوں کے نام بتائے جائیں۔ اگر وہ ایسا نہیں کرتے تو ان کا پروپیگنڈا ملک کے خلاف ہے۔ انہوں نے ڈیفنس دھماکے کا ذکر کیا اور اس موقع پر گلبرگ میں دھماکے کی جو افواہ اڑائی گئی اسے غیر ذمہ داری قرار دیا جس سے ملک بھر میں خوف پھیلا۔ انہوں نے کہا کہ ”فائنل“ والے دن اس قسم کی افواہ پھیلائی جا سکتی ہے۔ میڈیا والے خبر کی حکومتی فوکل پرسن سے تصدیق کئے بغیر ہرگز نہ چلائیں۔ میڈیا سے کمٹمنٹ کرتا ہوں کہ ان سے کوئی بھی حقیقی خبر چھپائی نہیں جائے گی۔ اگر میں وعدہ پورا نہ کر سکا تو آپ مجھے بعد میں بھی پکڑ سکتے ہیں۔ ساری دنیا فائنل میچ کے روز ہمیں دیکھ رہی ہو گی اگر کوئی کسی کے حق میں یا مخالفت میں نعرے لگائے گا تو اس کا یہ اقدام میچ خراب کرنے کی کوشش سمجھا جائے گا۔ صرف سٹیڈیم کے اندر ریسٹورنٹس بند کر دیئے گئے ہیں۔ سٹیڈیم کے باہر ریسٹورنٹس کھلے ہیں، انہیں صرف 5 مارچ کو بند کیا جائے گا۔ شہر میں ٹرانسپورٹ رواں دواں رہے گی۔ پارکنگ سے شٹل سروس کے ذریعے لوگوں کو سٹیڈیم میں لایا جائے گا۔ سٹیڈیم میں کھانے پینے کی وافر اشیاءموجود ہونگی۔ کرفیو لگانے کی باتیں پراپیگنڈا ہے، کوئی سڑک بند نہیں ہو گی، میٹرو بس کا ٹائم بھی بڑھائیں گے۔
رانا ثنا


لاہور (نمائندہ سپورٹس+ خبرنگار + خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگار ) پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے لیے تمام ٹکٹ فروخت ہو گئے۔ بنک انتظامیہ کے مطابق گذشتہ روز کسی برانچ کو ٹکٹ ملے نہ پی سی بی حکام کی جانب سے کسی نے ہمارے ساتھ رابطہ کیا۔ دوسری جانب جمعرات کو ٹکٹ کے حصول کے لیے بنکوں کے باہر شائقین کی لمبی قطاریں لگی رہیں۔ دھکم پیل اور کھینچا تانی جاری رہی۔ ادھر قذافی سٹیڈیم میں بڑے ایونٹ کی تیاریاں مکمل ہو گئیں۔ غیرملکی نشریاتی کمپنی بھی پہنچ گئی، کھلاڑیوں کیلئے کمرے بک ہو گئے۔ مزے مزے کے کھانے بنیں گے، سکیورٹی کیلئے فل ڈریس ریہرسل، پانچ مارچ کیلئے ٹریفک پلان بھی جاری کر دیا گیا۔ انتظامیہ نے پارکنگ سے سٹیڈیم تک شٹل سروس چلانے کا اعلان بھی کیا ہے۔ پانچ مارچ کو دو ہیلی کاپٹر قذافی سٹیڈیم سمیت شہر کی فضائی نگرانی کریں گے۔ تماشائیوں کی بائیو میٹرک تصدیق کیلئے نادرا کی گاڑیاں بھی سٹیڈیم پہنچ گئیں۔ فائیو سٹار ہوٹل میں کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کیلئے 120 کمرے بک کرا لئے گئے۔ مہمان کھلاڑیوں کیلئے سپیشل کھانے تیار کئے جائیں گے۔ فرائیڈ چکن، بریانی، مٹن دو پیازہ، بیف سٹک، دیسی کھانوں کے ساتھ سویٹ ڈش میں فرنی، کھیر اور جیلی تیار کی جائے گی۔ پنجاب بھر کی جیلوں میں قیدیوں کی جانب سے بھی فائنل دیکھنے کی بھرپور تیاریاں کی گئی ہیں۔ ٹریفک پلان کے مطابق مال روڈ سے آنے والے مسلم ٹاو¿ن پل کے نیچے، کینٹ اور کینال سے آنے والے ایف سی کالج میں جبکہ ڈیفنس اور والٹن سے آنے والے لبرٹی میں پارکنگ کرینگے۔ پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں جلسے جلوسوں ریلیوں اور عوامی اجتماعات کے انعقاد پر فوری پابندی عائدکردی، محکمہ داخلہ کے مطابق اس سلسلہ میں ایک ماہ کے لئے دفعہ 144کا نفاذ کرکے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو آگاہ کردیا گیا ہے۔
کرکٹ بورڈ نے لاہور میں بکیز کے خطرے سے بچنے کیلئے تمام کھلاڑیوں کے فون ٹیپ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کھلاڑیوں کو وارننگ جاری کی گئی ہے کسی مشکوک شخص سے بات کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ فائنل کی سکیورٹی کیلئے پولیس نے ساڑھے3 کروڑ روپے مانگنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سکیورٹی کیلئے 11 ہزار سے زائد نفری تعینات کی جائے گی۔ دیگر اضلاع کے مختلف تھانوں سے گیارہ سو اہلکاروں کو لاہور روانہ کردیا گیاہے۔ لاہور کے فائیو سٹار ہوٹل میں میڈیکل کیمپ بھی قائم کردیا گیا ہے۔ فائنل میچ کی ٹکٹیں بلیک میں فروخت کرنے والے شخص کو گرفتار کرکے 500 روپے والے 4 ٹکٹ بھی برآمد کرلئے گئے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے خواجہ حماد کے مطابق پولیس نے مخبری پر کارروائی کرتے ہوئے لاہور کے علاقے گلبرگ سے پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ کی ٹکٹیں فروخت کرنے والے شخص کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ ملزم کی شناخت عمر وقاص کے نام سے ہوئی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ سکیورٹی انتظامات کیلئے ایکسائز سے بھی مدد طلب کرلی گئی ہے۔ ڈی آئی جی آپریشن نے محکمہ ایکسائز حکام کو خط لکھ دیا ہے کہ فائنل دیکھنے کیلئے آنے والوں کی گاڑیوں کا ریکارڈ چیک ہوگا۔ پی سی بی نے قذافی سٹیڈیم آنے والے کرکٹ شائقین کی بائیو میٹرک تصدیق کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نادرا کی چار وین سٹیڈیم لاہور پہنچا دی گئی ہیں۔ پنجاب اسمبلی میں ق لیگ کے عامر سلطان چیمہ نے ٹکٹوں کی فروخت سے متعلق قرارداد جمع کراد ی ہے جس کے مطابق بنک انتظامیہ کی ملی بھگت سے 5 کا ٹکٹ 4 ہزار روپے میں فروخت ہوا۔پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ کیلئے پانچ غیر ملکی کھلاڑیوں کو ویزے جاری کردیئے گئے ہیں، ان میں ڈیرین سیمی، مارلن سیموئلز، ڈیوڈ ملان، سمیت پٹیل اور کرس جورڈن شامل ہیں۔ پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم کے فائنل میں پہنچنے پر ان کے غیر ملکی کھلاڑی فائنل کھیلنے کیلئے لاہور آئیں گے، ٹیم کے تمام غیر ملکی کھلاڑیوں نے رضا مندی ظاہر کر دی ہے۔
ویزے جاری



ٹکٹ ختم

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...