کابل: غیرملکی قافلے پرخودکش کاربم حملہ ، ایک شہری ہلاک ، 4 زخمی

کابل(اے این این) افغانستان کے دارالحکومت کابل کے علاقے قبل بائی میں خودکش کار بم دھماکے کے نتیجے میںایک عام شہری ہلاک اور 4افراد زخمی ہوگئے۔خبر رساں ادارے کے مطابق پولیس کمانڈر بسم اللہ تابان نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملہ آور کے ہدف کے بارے فی الوقت کچھ کہا نہیں جاسکتا۔افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش نے بتایا کہ قبل بائی کے علاقے میں ہونے والے کار بم دھماکے کے نتیجے میں کم از کم ایک شخص ہلاک اور4شہری زخمی ہوئے۔یہ دھماکا ایک ایسے وقت میں ہوا، جب دو روز قبل افغان صدر اشرف غنی نے طالبان کو مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا تھا کہ امن طالبان کے ہاتھ میں ہے۔ابھی تک دھماکے کی ذمہ داری کسی گروپ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی۔واضح رہے کہ رواں برس کے آغاز سے افغان دارالحکومت میں متعدد بڑے دہشت گرد حملے ہوئے، جن کے نتیجے میں 130 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔اے ایف پی کے مطابق ترجمان وزارت داخلہ نجیب دانش نے بتایا کہ بد قسمتی سے جمعہ کو صبح 9بجے قبل بائی ایریا میں کار دھماکہ ہوا۔ جبکہ ایک اور ترجمان نصرت رحیمی نے کہا ہے کہ ابھی تک واضع نہیں کہ آیا کوئی غیر ملکی بھی ہلاک ہوا یا نہیں۔ دوسری طرف مقامی میڈیا کے مطابق دھماکہ میں جائے وقوعہ کے قریبی مکانات اور عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
افغانستان دھماکہ

ای پیپر دی نیشن