لاہور (خبر نگار) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمارا جینا مرنا اپنے عوام کے ساتھ ہے۔ ہمیشہ عوام کی خدمت کی اور آئندہ بھی بھرپور جذبے سے کرتے رہیں گے۔ عوامی فلاح و بہبود کے ترقیاتی منصوبے بنائے، عوام کی عدالت میں آج ہم سرخرو ہیں۔ میں ہمیشہ کرپشن کے خلاف رہا ہوں اور اس حوالے سے میرے دامن پر کوئی داغ نہیں۔ جھوٹے الزامات لگانے والوں کو سوچنا چاہئے کہ سرمایہ کاری کرنے والے دوسرے ممالک کیا سوچتے ہوں گے۔ شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی سے گفتگو میں کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے خدمت کی سیاست کی، مخالفین الزامات کی گرد اڑاتے رہے۔ جھوٹ بولنے والوں نے اپنا کام کیا اور ہم نے عوام کی خدمت کا اپنا ایجنڈا پورا کیا۔ مخالفین الزامات کی گرد سے ترقی کے منظرنامے کو دھندلا نہیں سکتے۔ سچ سچ ہوتا ہے ، ہزار جھوٹ بھی مل کر ایک سچ نہیں بناسکتے۔ انہوں نے کہا کہ ساڑھے چار سال جھوٹ کی سیاست کرنے والے پنجاب کے تیزی سے تکمیل کو پہنچتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں سے خوفزدہ ہیں۔ پنجاب کے ہر ضلع میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے ہیں۔ شہباز شریف اور گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ کی ملاقات باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کے بارے میں غور کیا گیا۔ شہباز شریف سے سٹرٹیجک ریفارمز یونٹ کے ڈائریکٹر جنرل سلمان صوفی نے ملاقات کی۔ ڈی جی ایس آر یو نے وزیراعلیٰ کو شہر خموشاں پراجیکٹ‘ ویمن آن ویلز اور دادرسی مرکز برائے خواتین کے قیام پر پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی۔